پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اب انگلش فٹ بال کلب چیلسی کو خریدنے کے خواہش مند ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق جاوید آفریدی اب انگلش فٹ بال کلب کے مالک بننے جارہے ہیں، جاوید آفریدی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ سعودی عرب اور برطانیہ کے بزنس مین کے ساتھ مل کر چیلسی کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ جاوید آفریدی کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ ان کی ٹیم پشاور زلمی پی ایس ایل کی سب سے فیورٹ ٹیم تصور کی جاتی ہے۔ جس کے پرستار پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں موجود ہیں۔ جاوید آفریدی پاکستان میں الیکٹرانک مصنوعات کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔
جبکہ حال ہی میں انہوں نے پاکستان میں لگژری کار ایم جی کو متعارف کرایا تھا اور اس وقت یہ کامیاب برانڈ تسلیم کی جارہی ہے جس کی دس ہزار گاڑیوں کی ترسیل مکمل ہوئی ہے، پشاور زلمی کے چاہنے والے تو بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں کہ جلدہی جاوید آفریدی یہ خوش خبری سنائیں کہ وہ انگلش فٹ بال کلب چیلسی کی ملکیت حاصل کرچکے ہیں۔
اس کلب کو روسی مالک رومن ابراموچ نے گزشتہ ہفتے ماسکو کی طرف سے یوکرین پر حملے کے بعد فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ روسی ارب پتی نے جون 2003 میں اس کلب کو خریدا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے چیلسی دنیا کی سب سے بڑی ٹیموں میں مشہور ہوئی، چیلسی 5 پرئمیر لیگ ٹاٹئلز جیت چکی ہے جبکہ اتنے ہی ایف اے کپ بھی، اس کے علاوہ چیلسی کلب نے دو بار 2012 اور 2021 میں چیمپئنز لیگ کا بھی فاتح رہا۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کلب کو 4 ارب ڈالر میں فروخت کیا جاسکتا ہے۔ جس کے منافع کی رقم یوکرین تنازعہ کے متاترین میں تقسیم کی جائے گی۔
Discussion about this post