مرگلہ ہلز آتشزدگی کیس میں ٹک ٹاکر نوشین سعید عرف ڈولی کی 27 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی جبکہ ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے ملزمہ کو 1 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ مرگلہ کے جنگلات کو مبینہ طور پر شعلوں میں بھڑکانے کے الزامات پر ٹک ٹاکر ڈولی کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے لیے ملزمہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ڈولی کے وکیل کا کہنا تھا کہ میری موکلہ کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا وہ علاقہ اسلام آباد کا نہیں ہے اور جس جگہ ٹک ٹاک بنائی گئی وہاں پر پہلے سے آگ لگی ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ایسی ویڈیوز منظرعام پر آئی تھی جہاں ٹک ٹاکرز کو جنگل میں آگ لگاتے ہوئے اور بھڑکتے شعلوں کے دوران ماڈلنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے باعث ماڈل ڈولی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور ایک ٹک ٹاکر کو بھی گرفتارکیا گیا تھا۔
Discussion about this post