حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ میدان عرفات سے حج کا خطبہ براہ راست 14 زبانوں میں نشر کیا جائے گا جو 150 ملین افراد تک پہنچے گا۔ ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے حج کا خطبہ انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، روسی، چینی بنگالی، ترکی، ملاوی، ہندی، سپینی، تامل اور سواحلی زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔ ان کے مطابق میدان عرفات سے براہ راست حج کا خطبہ پیش کرنے کا پروگرام اپنی نوعیت کا سب سے بڑا عالمی پروگرام ہے، جس کے ذریعے امن و سلامتی کے سرزمین سے روداری اور میانہ راوی کا پیغام دیا جائے گا۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ نے بتایا کہ گزشتہ سال دس زبانوں میں میدان عرفات سے حج کا خطبہ نشر کیا گیا تھا۔ ہمارا ہدف 50 ملین تک رسائی کا تھا تاہم 100 ملین افراد نے فائدہ اٹھایا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 8 جولائی کو ادا کیا جائے گا جس کے بعد 9 جولائی کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔
Discussion about this post