جنوبی ایشیا میں گرمی کا راج برقرار، پاکستان میں سورج کا مزاج گرم تو بھارت بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آگیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں درجہ حرارت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے تمام صوبوں کو ہیٹ ویو کا باضابطہ الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ 30،29 اپریل کو اندرون سندھ، جنوبی وسطی پنجاب ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آئیں گے، ملک کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھوسکتا ہے جبکہ مئی میں کراچی ہیٹ ویو کی زد سے باہر رہے گا، کراچی میں عید کے دنوں میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے، بلوچستان، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کو مارچ سے غیر متوقع گرمی کی شدید لہر کا سامنا ہے۔ اس سال پاکستان میں درجہ حرارت میں معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔ اس سال مارچ 1961 سے اب تک کا گرم ترین مہینہ تھا۔
عالمی ماہر موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر پیر تک پاکستان اور بھارت میں برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوب مغربی بھارت میں بارش بھی ہوسکتی ہے۔
Discussion about this post