محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے ایک بار پھر پشاور زلمی کو یکطرفہ مقابلے میں 42 رنز سے شکست دے دی۔ 183 رنز کے تعاقب میں پوری پشاور زلمی کی ٹیم صرف 140 رنز پر ڈھیرہوگئی۔ رضوان کی غیر معمولی قیادت اور بالرز کی نپی تلی بالنگ نے پشاور زلمی کو ہدف سے دور رکھا۔ کراچی کے بعد لاہور میں بھی ملتان سلطانز ناقابل شکست ہی ہے۔
خوش دل شاہ اور مزربانی نے تین تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ دھانی کے حصے میں 2 جبکہ عمران طاہر اور عباس آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے ٹاپ اسکورر شعیب ملک 44 رنز بنا کر رہے۔
اس جیت کے بعد ملتان سلطانز نے مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرکے پوائنٹ ٹیبل پر نمبر ون کی پوزیشن برقرار رکھی ہےجبکہ پشاور زلمی اب تک 6 میچز کھیل کر 4 شکست اور 2 کامیابی حاصل کرسکی اور اس کی پوزیشن 5 ویں پر پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل ملتان سلطانز ٹاس ہارنے کے بعد پہلی بلے بازی میں محتاظ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
رضوان اور شان مسعود نے خراب گیندوں پر ہی رنز بنانے کی جدوجہد کی۔ مین آف دی میچ شان مسعود نے ایک بار پھر اپنی بہترین بیٹنگ فارم کا اظہار کرتے ہوئے شاندار 68 رنز جوڑے۔ ملتان کو پہلا نقصان 98 رنز پر رضوان کی صورت میں ملا۔ جو 32 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وہاب ریاض کی یہ اس ایونٹ میں پہلی وکٹ تھی۔ ٹم ڈیوڈ اور شان مسعود نے اس مرحلے پر تیزی سے رنز بنانے شروع کردیے۔ شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد ریلی روسیو نے صرف 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی باری کھیلی۔ اس موقع پر ملتان سلطانز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
مقررہ اوورز کے اختتام پر 7 وکٹیں کھو کر اسکور بورڈ پر 182 رنز سجانے میں کامیاب ہوئے۔ پشاور زلمی ثاقب محمود، وہاب ریاض اور سلمان ارشد نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اب جمعے کو میزبان لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا ہوگا۔
Discussion about this post