پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے ایک بار پھر اپنی حکمرانی قائم رکھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی مضبوط ٹیم کو 20 رنز سے ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔ رضوان نے ایک بار پھر ٹاس ہارنے کے باوجود غیر معمولی منصوبہ بندی سے اس میچ میں سرخرو ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 78 رنز پر رضوان، شان مسعود اور صہیب مقصود جیسے ان فارم بلے باز کھو دی تھیں۔
رضوان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود نے 43 رنز اور صہیب مقصود 13 رنز ہی کر سکے۔ لگ یہی رہا تھا کہ میچ میں ملتان سلطانز کی گرفت کمزور پڑ گئی ہے لیکن اس مرحلے پر ٹم ڈیوڈ اورریلی روسیو کے درمیان شاندار شراکت ہوئی۔ دونوں نے طوفانی انداز میں 110 رنز کا اضافہ کیا۔
ٹم ڈیوڈ 71 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ ریلی روسیو نے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 67 رنز کی باری کھیلی۔ مقررہ اوورز کے خاتمے پر ملتان سلطانز نے 5 وکٹیں کھو کر 215 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے حسن علی، محمد وسیم اور مرچنٹ ڈی لنگے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ رضوان نے بطور کپتان ایک بار پھر ذہانت کا مظاہرہ کیا اور خوش دل شاہ کو ابتدائی اوورز میں بالنگ کے لیے متعارف کرایا۔
جنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرح اس میچ میں بھی اپنی بالنگ سے مخالف بلے بازوں کو جال میں پھنسا کر رکھا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پال اسٹرلنگ 19 رنز بنا کر ڈریسنگ روم پہنچے۔ الیکس ہالز نے 23 رنز جوڑے۔ جبکہ گرباز نے 15 رنز کی اننگ کھیلی۔
اس موقع پر کپتان شاداب خان نے خزاں کی طرح بکھرتی وکٹیں گرنے کے باوجود ہمت نہ ہاری۔ جنہوں نے اننگ میں 9 چھکے اور 5 چوکوں کے ذریعے 91 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ شاداب خان کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ اعظم خان نے 12، آصف علی 15 اور حسن علی 3 اور محمد وسیم 3 رنز بناسکے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے خوش دل شاہ نے تباہ کن بالنگ کراکے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ جبکہ ڈیوڈ ویلی نے تین کھلاڑیوں کی اننگز کا خاتمہ کرایا۔ رومان رئیس اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
It’s decided! #HBLPSL7 l #LevelHai l #IUvMS pic.twitter.com/5LpnLnaWIE
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 1, 2022
اس جیت کے ساتھ ملتان سلطانز پوائنٹ ٹیبل پر 4 میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ بدھ کو لاہور قلندر اور پشاور زلمی کا ٹکراؤ ہوگا۔
Discussion about this post