وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 540دنوں میں مردم شماری کے مرحلے کو مکمل کریں گے۔ اس کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ایک خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ جو مختلف پہلوؤں اور تحفظات کا بھی جائزہ لے گی۔ جبکہ اگلا الیکشن ہر ممکن طور پر نئی مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہی کرایا جائے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی ہوئی ہے۔ سات ماہ کے دوران ایک پولیو کا کیس سامنے آیا۔
ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں ازبک بزنس مین کو 24گھنٹوں کے دوران 5برسوں کے لیے ویزے کی سہولت مل جائے گی۔ دونوں ملکوں میں تجارت کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا کمپنیز کو بلاک کرنے اور قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے ایک فیصلہ وفاقی کابینہ کو ریفر کیا تھا، اس میں پاکستانی ٹیلی کام اتھارٹی نے پالیسی ہدایت دی ہے، جو اب عدالت میں پیش کیا جانے والا ہے۔ جس کا بنیاد ی مقصد یہ ہے کہ حکومت کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ اگر سوشل میڈیا پر کوئی قابل اعتراض مواد آتا ہے۔ اُس کے خلاف کارروائی کرسکیں۔
Meeting of Federal Cabinet held in Islamabad with Prime Minister @ImranKhanPTI in chair. pic.twitter.com/ePCBBarakP
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) September 21, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق حکومت کے پاس سوشل میڈیا کے لیے قوانین ہیں، اُن کے تحت اُن کمپنیز کو گرفت میں لایا جائے گا جو پورنو گرافی بالخصوص بچوں کے حوالے سے کررہے ہیں ، اس کے لیے پی ٹی اے کام کررہا ہے۔ جبکہ دوسرا وہ انفرادی لوگ جو پاکستان میں رہتے ہوئے قابل اعتراض ویڈیو بناتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے قوانین پر نئی بحث بھی شروع کی جارہی ہے۔ جس کی سربراہی شیریں مزاری کررہی ہیں، مشاورت سے ہی سوشل میڈیا قوانین کو لاگو کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے قوانین کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔ پاکستان میں سنیما کلچر کی بحالی کے لیے اب علاقائی ممالک سے مختلف فلمیں درآمد کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں کینیڈین پنجابی فلموں کو پاکستان میں لگایا جائے گا۔ اسی طرح ایرانی اور ترکش موویز بھی پاکستانی سنیما گھروں کی زینت بنیں گی جبکہ سنیما گھروں کی بحالی کے لیے این سی او سی بھی مشاورت جاری ہے۔
Discussion about this post