ملک کے 23ویں وزیراعظم کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی دن دفتر صبح 10 بجے کے بجائے 7 بجے ہی پہنچ گئے جہاں وزیراعظم ہاؤس کا عملہ موجود نہیں تھا تاہم صبح سویرے وزیراعظم شہباز شریف کی آمد پر پی ایم ہاؤس میں افراتفری پھیل گئی اور عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی ہے اور دفتر 10 بجے کے بجائے صبح 8 بجے کام شروع کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے میں 2 سرکاری تعطیلات ختم کر دی ہیں اور سرکاری دفاتر میں اب ہفتے میں صرف ایک تعطیل ہوگی۔
معاشی ماہرین کا ہنگامی اجلاس طلب
دوسری طرف پہلے ہی روز وزیراعظم شہباز شریف نے پھرتی دکھاتے ہوئے معاشی ماہرین کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نامور معاشی ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ملک کو درپیش موجودہ سنگین معاشی صورتحال پر تفصیلی غور ہوگا۔ معاشی ماہرین کی آراء کی روشنی میں معاشی اور مالیاتی اقدامات کے بارے میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، خساروں اور قومی بیلنس شیٹ کے حقائق سے آگاہی حاصل کریں گے۔
Discussion about this post