انوپم شیام کے چل بسنے پر عامر خان پر کیوں تنقید کے نشتر برسائے جارہے ہیں؟۔ سوشل میڈیا پر عامر خان کو کیوں انوپم شیام کی موت کا ذمے دار ٹھہرایا جارہا ہے۔ کیوں اس بات کو دہرایا جارہا ہے کہ فنکار کسی کے نہیں ہوتے۔ عامر خان جو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، اُن کے ان سارے کاموں کو ’پبلسٹی اسٹنٹ‘ کیوں قرار دیا جارہا ہے۔ یہ سارے سوال صارفین کے ذہنوں میں بھی گردش کررہے ہوں گے، تو اس کے پس پردہ ایک کہانی ہے۔
انوپم شیام کون ہیں؟
ٹی وی اور فلموں میں کام کرنے والے 63برس کے انوپم شیام زیادہ تر معاون کرداروں میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ جو ان دنوں ٹی وی پر چلنے والے ڈرامے ’پرتگیا‘ میں بھی نظر آئے۔ اس کے علاوہ ’من کی آواز‘ میں ان کا ٹھاکر سنگھ کا کردار خاصا مقبول ہوا تھا۔ تین درجن سے زیادہ فلموں میں کام کرنے والے انوپم شیام گردے کی بیماری میں مبتلا تھے اور ہفتے میں 3دن ان کا ڈائیلائسز ہوتا تھا۔ وہ بڑھتی ہوئی عمر کے باعث مسلسل علالت کا شکار تھے، جبھی انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں چھ روز زیر علاج رہنے کے بعد 8اگست کو چل بسے۔
عامر خان پر اتنا غصہ کیوں؟
کئی بالی ووڈ اداکاروں نے انوپم شیام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لیکن اصل ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب انوپم شیام کے بھائی انوراگ شیام نے ٹی وی انٹرویو میں عامر خان پر بھڑاس نکالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ملاقات میں عامر خان نے انوپم شیام کے ڈائیلائسز کرانے کا وعدہ کیا، عامر خان نے تو یہاں تک یقین دہانی کرائی کہ انوپم شیام کو ڈائیلائسز کرانے کے لیے ممبئی نہیں آنا پڑے گا بلکہ وہ ان کے آبائی شہر پرتاب گڑھ میں یہ انتظام کرادیں گے۔ جس سے انوپم شیام میں جینے کی آس جاگی اور جب انوپم شیام نے عامر خان کو کچھ عرصے بعد اُن کے وعدے یاد دلانے کے لیے فون کرنا شروع کیا تو مسٹر پرفکیشنٹ نے بات تک کرنا گوارہ نہ کی۔
انوراگ کے مطابق عامر خان نے فون اٹھانے کی کوشش بھی نہیں کی۔ اسی دوران انوپم کی والدہ پرتاب گڑھ میں چل بسیں لیکن وہ اُن کی آخری رسومات میں بھی شریک نہ ہوسکے کیونکہ جہاں ان کے ڈرامے کی عکس بندی آڑے آئی، وہیں ڈائیلائسز بھی۔ انوپم کو تو یہ فکر بھی ستا رہی تھی ان کا ٹی وی ڈراما بند ہوجائے گا تو وہ علاج کے لیے مالی اخراجات کہاں سے ادا کریں گے۔ اسی کشمکش میں ان کی صحت گرتی چلی گئی اور پھر اسپتال میں داخل ہونے کے بعد 8اگست کو وہ چل بسے۔ انوپم شیام کے بھائی کا شکوہ ہے کہ اگر عامر خان نے وعدہ کیا تھا تو کم از کم اُسے پورا تو کردیتے۔
عامر خان کا ردعمل
انوپم شیام کے بھائی کے شکوے و شکایات پر ابھی تک عامر خان کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں آئی لیکن یہ ضرور ہے کہ سوشل میڈیا پر وہ اپنی اس بے رخی کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں اور یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عامر خان، سیف علی خان اور اکشے کھنہ کی فلم ’دل چاہتا ہے‘ کی 20ویں سال گرہ کا جشن منا رہے ہیں۔
Discussion about this post