وفاقی وزیر داخلہ راناثنا کا کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز جن کے ذریعے مختلف شخصیات کو بدنام کیا جارہا ہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جانے والا ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا عزم ہے کہ سوشل میڈیا کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے گی جس میں ایسے مواد کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایسے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ غیراخلاقی ویڈیوز، تصاویر سمیت اس نوعیت کی گندگی پھیلانے والوں کا صفایا کرکے ہی دم لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ آج ایف آئی اے نے بھی ایسے عناصر کو خبردار کیا ہے کہ جو غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کررہے ہیں۔
Discussion about this post