وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے، قائم مقام چیئرمین نادرا خالد لطیف اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر شہریوں کی ہراسیگی، غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے، بلیک میلنگ اور ان کی کردار کشی کرکے ساکھ کو خراب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے سائبرکرائم میں ملوث ایسے افراد کے خلاف سخت اور فوری ایکشن کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایف ائی اے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
فیصلہ یہ بھی ہوا ہے کہ سائبرکرائم بالخصوص ہراسیگی اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے اور اس کی تشہیر سے متعلق قوانین موثر بنایا جائے گا۔ ہراسیگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنے کے معاملے پر پیکا 2016 میں ضروری ترامیم لانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا۔ یہ گروپ ہراسیگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کے لیے قانون سازی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے گا۔ ورکنگ گروپ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے سے اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔ اس موقع پر وفای وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے کے لیے تمام تر متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں۔ شہری اپنی شکایات ایف آئی اے پورٹل یا شکایت نمبر111345786 پر درج کراسکتے ہیں۔
Discussion about this post