پہلے بلوچی اور پھر سندھی زبان میں نغمہ سرائی کرکے علی ظفر نے باور کرادیا ہے کہ وہ پاکستان کی ہر زبان میں اُسی کے رنگ ڈھنگ کے مطابق گلوکاری کرنے میں ماہر ہیں۔اب بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ کا نیا پشتو گیت چاہنے والوں کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔ علی ظفر نے مشہور پشتو گانے ’لارشا پخیر‘ کو ایک نئے انداز میں گایاہے۔ جس میں ان کا اس بار ساتھ نبھارہی ہیں پاکستان کی ایک اور مشہور گلوکارہ گل پرنہ، جنہیں اب تک نشر ہونے والے ٹیزر میں سب سے پوشیدہ رکھا گیا تھا۔ اس پشتو گانے میں فورٹیوڈ پختون کور ریپ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ گلوکار نے اس گیت میں پاکستان کے پختون بھائیوں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے، علی ظفر کے مطابق پختونوں کی فعال ثقافت اور اقدار اور سب سے زیادہ بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ گیت میں خیبرپختونخوا کے خوبصورت مناظر کی عکس بندی کی گئی ہے وہیں روایتی ثقافتی رنگ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ حسب روایت علی ظفر کی اس کاوش کو پذیرائی مل رہی ہے، اس کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ ویڈیو گیت کے ریلیز ہونے کے چند گھنٹوں میں ہی اسے 2لاکھ سے زیادہ صارفین نے دیکھ لیا ہے۔ جبکہ سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ علی ظفر نے دل جیت لیے، اس قدر مدھر اور رسیلا گیت گا کر۔ اگر پاکستان میں کوئی سریلا گلوکار ہے تو وہ بلاشبہ علی ظفر کے علاوہ کوئی اور نہیں۔
Discussion about this post