الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کے 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کل اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زیادہ کی بتائی گئی ہے۔ 2020 کے مقابلوں میں ان میں 6 کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ اُس برس عمران خان کےاثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ روپے کے قریب تھی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک، میانوالی، بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کی ہے جبکہ بنی گالا کے گھر کو تحفہ قرار دیا ہے۔ یہی نہیں اُن کے پاس اسلام آباد کے گرینڈ حیات ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ روپے کا ہے۔ الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق عمران خان کے بینک کھاتوں میں 6 کروڑ 3 لاکھ روپے ہیں جبکہ 2 ڈالرز اکاؤنٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالر بھی ہیں۔ ان کے پاس کوئی نجی گاڑی نہیں اور ناہی ملک کے اندر یا باہر کوئی کاروبار ہے ۔
عمران خان کی شریک سفر بشریٰ بی بی کے پاس 431 کینال کی پاکپتن میں 2مختلف زمینیں ہیں جبکہ بشریٰ بی بی بنی گالا اسلام آباد میں 3 کینال کے گھر کی مالک بھی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ وہ 14 کروڑ روپے سے زائد کے مقروض ہیں، جنہوں نے سلمان شہباز سے 6 کروڑ سے زائد کا قرضا لیا ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے پاس 2 گاڑیاں ہیں جبکہ ان کے بینک کھاتوں میں 2 کروڑ سے زیادہ کی رقم ہے۔ یہی نہیں وہ بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک بھی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شہباز شریف کے 2020 کے مقابلے میں 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثے رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار روپے واجب الادا بھی ہیں۔ بلاول بھٹو کے بینک کھاتوں میں 12 کروڑ سے زائد کی رقم ہے۔ اسی طرح سابق صدر آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔
بشکریہ ٹوئٹر
Discussion about this post