وزیراعظم عمران خان کو محمد بن راشد ال مکتوم تخلیقی اسپورٹس ایوارڈ 9جنوری کو دبئی ایکسپو 2020کے سلسلے میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں دیا جائے گا۔ دبئی کا یہ ایوارڈ ہر سال دنیا کی اُن شخصیات کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہو۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 1992کا عالمی کپ جیتا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کو یہ اعزاز، پاکستان کو کرکٹ سے وابستہ بڑے ممالک کی فہرست میں شامل کرانے کی خدمات کے سلسلے میں دیا جارہا ہے۔
عمران خان نے پاکستان کی جانب سے 88ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 3807رنز 6سنچریوں اور 18نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے۔بالنگ میں وہ 362شکار کرچکے ہیں۔ جبکہ ان کی بہترین بالنگ 58رنز دے کر 8کھلاڑی آؤٹ کرنا رہا۔ وہ میچ میں 6بار 10یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں جبکہ 23بار ایک اننگ میں 5سے زیادہ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
بات کی جائے ایک روزہ میچوں کی تو عمران خان نے 175میچز کھیل کر 3709رنز بنائے۔ بہترین اسکور 102رنز رہا۔ جبکہ 19نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں وہ 182بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی کپ ہی نہیں آسٹریلشیا کپ اور دیگر کئی ٹورنامنٹس جیتے۔ جبکہ بھارت، ویسٹ انڈیز اور انگلستان کو انہی کے میدانوں میں شکست دینے والے کپتان بھی رہے ہیں۔
Discussion about this post