پاکستان سپر لیگ 7 میں لاہور قلندر کے فخرزماں کی دھواں دھار اور ذمے دارانہ بیٹنگ نے اسے ایونٹ میں پہلی فتح سے ہمکنار کردیا۔ فخرزماں نے میچ ہی نہیں پی ایس ایل 7 کی پہلی سنچری بنانے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 60 گیندوں پر4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے یہ سنگ میل عبور کیا ۔اُن کے سامنے جو بالرآیا وہ ان کے بلے کے قہر سے بچ نہ سکا ۔ کراچی کنگز نے مقررہ اورز میں لاہور قلندر کو 171 رنز کا ہدف دیا تھا۔
لاہور قلندر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بابراعظم اور شرجیل خان نے کراچی کنگز کے لیے شاندار 84 رنز کا آغاز کیا۔ اس موقع پر شرجیل خان نے ایک بار پھر زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ بابراعظم نے 41 رنز کی سست اننگ کھیلی لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بعد میں آنے والے بلے بازوں نے اسکور پر خاطر خواہ اضافہ کیا۔
محمد نبی نے 15 رنز اسکور کیے۔ عامر یامین 9 اور جو کلارک ناٹ آؤٹ 24 رنز بناسکے۔ لاہور قلندر کی طرف سے حارث رؤف نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ جبکہ کپتان شاہین شاہ ، محمد حفیظ ، راشد خان اور زمان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آٓؤٹ کیا۔
لاہور قلندر کی طرف سے فخر زماں کی غیر معمولی بیٹنگ کی وجہ سے 171 کا ہدف آسان سے آسان ہوتا گیا۔ لاہور قلندر کی جانب سے فخر زماں کے علاوہ عبداللہ شفیق نے 8 ، کامران گھمن نے 6 اور محمد حفیظ نے 24 رنز کی اننگ کھیلی۔
فخر زماں اور سمت پٹیل کے درمیان تیز رفتاری کے ساتھ 74 رنز کی شراکت ہوئی۔ جس نے ہدف کے اور قریب کردیا۔ سمت پٹیل نے 18 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
لاہور قلندر نے یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس میچ میں ہار کے بعد کراچی کنگز مسلسل تیسرا میچ ہار چکی ہے۔ جبکہ لاہور قلندر نے 2 میچ کھیل کر پہلی فتح حاصل کی ہے۔ پیر کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے
Discussion about this post