تین جون کو سینماگھروں کی زینت بننے والی سرمد کھوسٹ کی فلم کملی نے پہلے ہی روز کھڑکی توڑ بزنس کرلیا، فلم کی کاسٹ سے لے کر پلوٹ، گانے، سینماٹوگرافی اور ڈائریکشن ہر سطح سے فلم شائقین کے دلوں کو بھا گئی۔
کملی میں صبا قمر، ثانیہ سعید، نمرہ بوچا، عمیر رانا اور ڈیبیو ایکٹر حمزہ خواجہ نے مرکزی کردار ادا کیے جو رائٹر فاطمہ ستار کے لکھے گئے ہر کردار میں انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ رہے، ڈائیلاگ کی ادائیگی اور مسحور کن گیت نے بھی فلم شائقین کی دلچسپی کو آخر تک برقرار رکھا، عید سیزن میں ریلیز ہونے والی ناکام فلموں سے فلم کے دیوانے جہاں ناراض تھے وہی فلم کملی نے پرستاروں کی تمام ناراضگی کو دور کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستانی سینماگھروں کے سنہری دور کی واپسی کو دستک دی ہے۔
کملی کے پہلے شو کے بعد سے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کی تعریفوں کا طوفان کھڑا ہے، مداحوں سمیت فلم ساز بھی کملی خواتین صبا قمر، ثانیہ سعید اور نمرہ بوچا کی شاندار اداکاری کی تعریف کررہے ہیں وہی ڈائریکٹر سرمد کھوسٹ کو بہترین فلم بنانے پر مبارکباد بھی پیش کررہے ہیں۔ صارفین کی جانب سے فلم کملی کو اب تک کی بہترین فلم قرار دی جارہی ہے۔
#Kamli is Sarmad Khoosat’s master stroke. It’s the most poetic Pakistani Cinema has ever been. It’s world is mystical and intriguing. But most importantly, I felt as if it was Sarmad’s dialogue to the Kamli that resides within each of us. Mesmerizing from start to finish
— Syra Hashim (@HashimSyra) June 3, 2022
فلم کی کہانی حنا نامی خاتون کے گرد گھومتی ہے، وہ اپنے بھابھی کے ساتھ رہتی ہے اور ایک پینٹر کے لیے ماڈل کے طور پر کام کرتی ہے، حنا کا شوہر 8 سال سے لاپتہ ہے، واپسی کی کوئی امید نہیں بس تنہائی اور ایک انجانی سی مایوسی اسے گھیرے ہوئی ہے لیکن جلد ہی حنا کی زندگی میں ایک خوبرو نوجوان فوٹوگرافر کی انٹری ہوتی ہے اور یوں احساسات پیار میں بدل جاتے ہیں اور پیار جذبے میں۔
فلم کملی میں لوک روایات اور مقامی کہانیوں کا ایک مضبوط رشتہ بھی دکھایا گیا ہے، دیہی علاقوں اور قدرتی حسن کی منظر کشی فلم کو حقیقی روپ میں ڈھال کر سینماٹوگرافر اویس گوہر کا شاندار نمونہ ہے۔
Discussion about this post