ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کی شعلہ بیان تقاریر اور اپوزیشن پر آگ برساتے بیانات کی تاپ ایسی ہوتی ہے کہ مخالفین کئی دنوں تک ٹھنڈے نہیں ہو پاتے ۔ فیاض الحسن چوہان کی اسی جملہ اور جگت بازی پر کئی بار انہیں وزارت سے بھی محروم ہونا پڑا اگر یہ کہا جائے تو غلط بھی نہ ہوگا کہ ٹی وی چینلز کی سرخیاں اُس وقت زیادہ بے جان اور روکھی پھیکی لگتی ہیں کہ جب ان میں فیاض الحسن چوہان کا چٹکیاں لیتا کوئی بیان شامل نہ ہو ۔ اپوزیشن تو انہیں چرب زبان اور نجانے کون کون سے خطابات سے نوازتی ہے لیکن ترجمان پنجاب حکومت پھر پہلے سے زیادہ باؤنسرز اور یارکرز کی بھرمار کردیتے ہیں ۔
اپنے حلقے میں دوکان کے افتتاح کا انوکھا انداز۔۔۔!!! قینچی کند اور خراب تھی۔۔!!! مالک دوکان کو شرمندگی سے بچانے کے لیے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔۔!!!@UsmanAKBuzdar pic.twitter.com/MRxedX0ZaB
— Fayaz ul Hassan Chohan (@Fayazchohanpti) September 2, 2021
دکان کا افتتاح اور خراب قینچی
اب ذرا تصور کریں کہ کسی دکان کا افتتاح کرنا ہو اور فیتہ کاٹنے کے لیے قینچی مل تو جائے لیکن وہ چل کر نہ دے تو کیا صورت حال ہوگی ؟۔ مہمان خصوصی کا تو کچھ بھی نہیں جائے گا ہاں جس نے یہ اعزاز بخشا ہے کہ اُس کے ہاتھ پیر تو پھول ہی جائیں گے ۔ کچھ ایسا ہی ہوا تھا ۔ جب فیاض الحسن چوہان حلقے میں پہنچے اور دکان کا افتتاح کرنے کے لیے فیتہ کاٹنے کی کوشش کی ، قینچی نے بھی نہ چلنے کی قسم کھائی تھی ۔ اب ایسی صورت حال میں ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے ذہانت کے ساتھ ساتھ اپنے دانتوں کا بھی مظاہرہ کیا اور چند ہی سکینڈز میں اُس فیتے کو کاٹ ڈالا جو قینچی کے بس میں بھی نہیں آرہا تھا ۔
سوشل میڈیا پر دانتوں کا چرچا
چند متعلقہ ویڈیو خود فیاض الحسن چوہان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اپ لوڈ کی ، جس پر انہوں نے یہ بھی لکھا کہ مالک دکان کو شرمندگی سے بچانے کے لیے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
جس پر دلچسپ تبصرے پڑھنے کو ملے ۔ ایک صارف کے مطابق یعنی ہمارے محترم وزیر صاحب زبان کے ساتھ ساتھ دانتوں کا بھی بہترین استعمال کرنا جانتے ہیں۔
ایک کا کہنا تھا کہ چوہان صاب بڑے چک ماردے او۔ اے چک مار مار کے ای عہدے ملے نیں ۔ کسی کا تبصرہ تھا کہ دانتوں کو ناحق زحمت دی، زبان سے کام لے لیتے،
جب کہ ایک صارف نے فیاض الحسن چوہان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے دانت تو قینچی سے بھی تیز نکلے۔
یہ چوہان کے دانت ہیں ہاتھی کے نہیں جو کھانے کے اور دکھانے کے اور۔
Discussion about this post