مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ کے صارفین بھی اب فیس بک اور انسٹاگرام کی طرح ‘ میسج ری ایکشن’ کا دلچسپ فیچر استعمال کرسکتے ہیں۔ جس سے جذبات کے اظہار میں مزید آسانی ہوگی۔ واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر تصدیق کی کہ واٹس ایپ پر میسج ری ایکشن کا فیچر آج متعارف کیا جائے گا۔ مارک زکربرگ کے مطابق مذکورہ فیچر میں ابتدائی طور پر اداس، ہنسی، دل، لائیک، ہائی فائیو اور واؤں ایموجیز شامل ہونگے تاہم صارف اس میں دیگر احساسات کے اضافی ری ایکشن بھی شامل کرسکتے ہیں۔
میٹا انتظامیہ کے مطابق واٹس ایپ پر میسج ری ایکشن کا فیچر آج ہی متعارف کرادیا گیا ہے لیکن تاحال پاکستان سمیت کئی ممالک کے صارفین کے واٹس ایپ پر مذکورہ فیچر فوری طور پر سامنے نہیں آیا مگر جلد ہی پاکستانی صارفین بھی اس نئے اور دلچسپ فیچر کو استعمال کرسکیں گے۔
فیچر کو استعمال کس طرح کیا جائے گا؟
واٹس ایپ پر مذکورہ فیچر بالکل ایسے ہی کام کرے گا، جیسے فیس بک اور انسٹاگرام پر صارفین ایموجیز کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔ صارف کسی بھی میسج کو منتخب کرکے اسے ٹیپ کرے گا تو ایموجیز کا سیکشن کھلے گا اور وہاں ایموجیز کے نشانات دکھائی دیں گے پھر صارف اپنی پسند کے ری ایکشن کو کلک کرکے اپنی رائے کا اظہار کرسکے گے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ کے صارفین حالیہ اپ ڈیٹ کے بعد استعمال کرسکیں گے۔
Discussion about this post