ٹاس ہار کر میچ جیتنے کی روش پر اب ملتان سلطانز کے بعد لاہور قلندر نے بھی قائم کردی۔ پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر جب 199 رنز سجائے تو پشاور زلمی کی مضبوط بیٹنگ لائن کو دیکھتے ہوئے یہ اسکور کم لگ رہا تھا۔ اس میچ میں ایک بار پھر فخرزماں بالرز پر قہر ڈھاتے نظر آئے۔
جنہوں نے پہلے عبداللہ شفیق کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائےاور پھر میچ میں ایک اور نصف سنچری اپنے نام کے ساتھ لکھوالی۔فخر زماں کی 66 رنز کی اننگ میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ عبداللہ شفیق نے 41 رنز کی باری کھیلی۔ کامران گھمن 30 رنز جوڑ پائے جبکہ ڈیوڈ ویزے کھاتہ کھولے بغیر ڈریسنگ روم سدھار گئے۔ آخری لمحات میں حفیظ اور راشد خان نے پشاور زلمی کے بالرز کی جم کر دھنائی کی۔
دونوں بلے بازوں نے چھکوں اور چوکوں کی برسات کردی۔ حفیظ 37 رنز بنا کر جبکہ راشد خان 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ گئے۔ پشاور زلمی کی طرف سے سب سے کامیاب بالر سلمان ارشاد 2 وکٹوں کے ساتھ رہے۔
عثمان قادر اور حسین طلعت کے حصے میں ایک ایک وکٹیں آئیں۔ 200 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کو ابتدا میں ہی زازئی کے صفر پر آؤٹ ہونے سے نقصان اٹھانا پڑا۔ جس کے بعد اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ کامران اکمل نے 41 رنز کی مزاحمت سے بھری اننگ کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے۔ حیدر علی کے کھاتے میں 49 رنز آئے۔
لاہور قلندر کی جانب سے سب سے زیادہ کامیاب بالر زمان خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز پایا۔ شاہین شاہ آٖفریدی نے ناصرف 2 شکار کیے بلکہ باؤنڈری پر ناقابل یقین کیچ بھی دبوچا۔
CATCH OF THE DAY! @iShaheenAfridi you beauty ❤️ #HBLPSL7 l #LevelHai l #PZvLQ pic.twitter.com/OY9O0fCqwn
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 2, 2022
ڈیوڈ ویزے بدقسمتی سے ہیٹ ٹرک نہ کرسکے انہوں نے بھی دو کھلاڑی آٓؤٹ کیے۔ یوں لاہور قلندر نے ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ جیت کر پوائنٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پالی ہے۔ جبکہ ٹاپ پر ملتان سلطانز اب تک 4 میچوں میں ناقابل شکست ہیں۔
پشاور زلمی 3 میچز میں صرف ایک ہی جیت پایا ہے۔فخر زمان پی ایس ایل کے اب تک سب سے زیادہ 248 رنز بنا کر شان مسعود سے 8 رنز سے آگے ہیں۔بالرز میں خوش دل شاہ 9 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔جمعرات کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونایٹڈ مدمقابل ہوں گی۔
Discussion about this post