سترہویں مقابلہ حسن کا انعقاد پورٹوریکو میں ہوا جہاں 98 ممالک کی دوشیزاؤں نے اپنی قاتل اداؤں سے ججز کے دل گھائل کیے لیکن حسیناؤں کے اس دنگل میں پولینڈ کی حسینہ کیرولینا بائلاوسکا کی خوبصورت اور ذہانت سب پر بھاری رہی اور یوں وہ مس ورلڈ 2021 کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔
ان کے مدمقابل امریکہ، انڈونیشیا، میکسیکو، آئرلینڈ اور کوٹ ڈیوائر کی دوشیزائیں تھیں جن کو کیرولینا نے کم مارجن سے مات دے کر مس ورلڈ کا تاج اپنے سر پر پہن لیا جبکہ امریکہ کے شری سینی اور کوٹ ڈیوائر کی اولیویا یاسی بالترتیب پہلے اور دوسرے رنر اپ کے طور پر سامنے آئیں۔
کیرولینا کو یہ اعزاز جمیکا سے تعلق رکھنے والی 2019 کی فاتح ٹونی این سنگھ نے پہنایا۔ مس ورلڈ کی ویب سائٹ کے مطابق 23 سالہ کیرولینا جو اس وقت مینجمنٹ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رہی ہیں اور پی ایچ ڈی بھی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن فی الحال کیرولینا ایک ماڈل کے طور پر کام کرتے ہوئے ایک حوصلہ افزا اسپیکر بننے کی امید رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ 2020 کی طرح مس ورلڈ 2021 مقابلے کا بھی پروگرام کورونا کے باعث گزشتہ سال دسمبر میں عارضی طورپر ملتوی کر دیا گیا تھا، اس وقت اعلان کیا گیا کہ مس ورلڈ 2021 مقابلے کا ایونٹ اگلے 90 دن میں پورٹو ریکو میں منعقد ہوگا۔
Discussion about this post