اگرآپ نے ” منا بھائی ایم بی بی ایس ” دیکھی تو مقصود بھائی کو ملنے والی ” جادو کی جھپی ” بھی یادوں میں ہوگی۔ مقصود بھائی کا کردار نبھانے والے عمر رسیدہ اداکار سریندر راجن نے اب بالی وڈ کی دنیا سے رئٹائر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ 84 برس کے سریندر راجن آخری بار ” بچن پانڈے ” میں نظر آئے تھے اور اب ان کی بطور اداکار آخری فلم ” ہوم ایم آئی ” ہے۔جو بہت جلد سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔
دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ، آرراج کمار، دھمال اور پھنس گیا رے اوبامہ کے اداکار کا کہنا ہے کہ اب عمر اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ مزید فلموں میں کام کریں۔ فلموں سے دور ہو کر اب وہ ریاست اترکھنڈ میں اپنی زندگی کے باقی دن گزارنے کے خواہش مند ہیں۔ سریندر راجن کے مطابق طویل عرصے فلم نگری کو دینے کے بعد انہوں نے ہر لمحے کا لطف اٹھایا۔ خوشی اس بات کی ہے کہ ساتھی اداکاروں نے انہیں اُن کی عمر کے بجائے کام میں منفردیت کے باعث ہمیشہ عزت دی۔
سریندر راجن کا کہنا ہے کہ فلموں میں کام کرنے کا تجربہ خوشگوار رہا۔ یہ وہ ایک ایسا شعبہ ہے، جس میں آپ اپنے اندر کے فنکار کو دنیا کےسامنے لاتے ہیں۔ ” منا بھائی ایم بی بی ایس ” کا تذکرہ کرتے ہوئے سریندر راجن کہتے ہیں کہ مقصود بھائی کا کردار ان کی زندگی کا یادگار رہا۔ وہ آج بھی اسی کردار کی بنا پر شناخت کیے جاتے ہیں۔ پرستاروں نے اس مختصر سے کردار کے باوجود جو عزت اور مقام دیا، وہ ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ خواہش تو تھی کہ زندگی میں کچھ اور ایسا ہی کردار ملے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ اگر ایسا ہوجاتا تو ” مقصود بھائی ” پھر پس پردہ چلے جاتے۔
Discussion about this post