گڑھ گاؤں کا کامیڈی سے بھرا یہ میلہ 17سے 19دسمبر کو ہونے جارہا تھا، جس میں اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے پرزور اصرار پر پرفارمنس دینے کا ارادہ کرلیا تھا۔لیکن گڑھ گاؤں کامیڈی فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اُنہیں گزشتہ کئی دنوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں کہ اگر منور فاروقی کو شو کا حصہ بنایا تو نتیجے کے ذمے دار خود ہوں گے۔ اب ایسی صورتحال میں امن و امان کو قائم رکھنے اور کسی بھی دنگا فساد سے بچنے کے لیے اسٹینڈ اپ کامیڈین کو کہہ دیا ہے کہ وہ اب اس شو کا حصہ نہیں رہیں گے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق منور فاروقی کے خلاف بھارتیا جنتا پارٹی کے سوشل میڈیا ہیڈ ارون یادیو نے بھی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ جس میں انہوں نے یہی مدعا اپنایا ہے کہ منور فاروقی کو اس شو سے دور رکھا جائے، کیونکہ وہ ہندو کیمونٹی کے ساتھ ساتھ ملک کے قانون کا مذاق اڑاتے ہیں۔
دوسری جانب کہا تو یہ بھی جارہا ہے کہ گڑھ گاؤں کے میلے سے بے دخل کرانے میں بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ جو منتظمین کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور انہی کے ڈر اور خوف کی وجہ سے اسٹینڈ اپ کامیڈین کو اس فلمی میلے سے باہر کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں منور فاروقی نے پے درپے ملنے والی دھمکیاں سے تنگ آکر اسٹینڈ اپ کامیڈی کو خیر باد کہہ دیا تھا لیکن گڑھ گاؤں کے کامیڈی میلہ ان کے رواں سال کے معاہدے میں شامل تھا، جس کی پابندی کرتے ہوئے انہوں نے اس میں شرکت کی حامی بھرلی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ اُنہیں اس سے بھی محروم ہونا پڑے گا کیونکہ انتہا پسند اور متعصب ہندو منور فاروقی کے کسی شو کے منعقد نہ کرانے پر کمر کس چکے ہیں۔
منور فاروقی پر مزید جاننے کے لیے کلک کریں:
نفرت جیت گئی، فن کار ہار گیا،منورفاروقی نے اسٹینڈ اپ کامیڈی کو خیر باد کہہ دیا
Discussion about this post