وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے پیچھے بھارتی سازشوں پر سے پردہ اٹھا دیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 19 اگست کو احسان اللہ احسان کے نام سے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ بنا کر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے موقع پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ جس میں کہا گیا کہ اگر کیوی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تو اسے ہدف بنایا جائے گا۔
فواد چوہدری کے مطابق اس جعلی اکاؤنٹ سے ہونے والی اس ای میل میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کے حالات درست نہیں، نیوزی لینڈ دورہ نہ کرے۔ اب اسی ’فیک نیوز‘ کو وجہ بنا کر 21اگست کو بھارتی اخبار سنڈے گارڈین کے بیورو چیف ابھی نندن مشرا نے باقاعدہ مضمون لکھ ڈالا۔ جس میں یہی کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا رخ کیا تو دہشت گردی کا شکار ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ ابھی نندن مشر ا وہی ہیں جن کے تعلقات سابق افغان نائب صدر امر اللہ صالح سے گہرے مراسم ہیں، اور دنیا جانتی ہے کہ امر اللہ صالح پاکستان کے خلاف کتنا زہر اگلتے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 24اگست کو نیوزی لینڈ کھلاڑی مارٹن گپٹل کی بیگم کو ایک اور ای میل کی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ اگر مارٹن گپٹل نے پاکستان کا رخ کیا تو انہیں قتل کردیا جائے گا۔ یہ ای میل اکاؤنٹ، ای میل کرنے سے چند گھنٹوں پہلے بنایا گیا اور حیران کن بات یہ ہے کہ اس اکاؤنٹ سے اب تک ایک ہی ای میل ہوئی، جو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو کی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق یہ ای میل پورٹن سروسر سے بھیجی گئی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ان تمام تر دھمکیوں کے باوجود 11ستمبر کو پاکستان پہنچ گئی۔ جن کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے دورے کے حوالے سے مکمل پریس کانفرنس @fawadchaudhry @ShkhRasheed https://t.co/OR3msIfIST
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) September 22, 2021
ٹیم نے اس دوران باقاعدہ پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا اور کم و بیش 5دن تک وہ پاکستان کی مہمان بنیں، اس دوران 17ستمبر کو جب نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا میچ کھیلا جانا تھا تو میچ سے چند لمحے پہلے نیوزی لینڈ نے ’سیکوریٹی تھریٹ‘ کا عذر پیش کرکے دورہ منسوخ کردیا۔ بات دونوں ممالک کے وزرائے اعظم تک پہنچی لیکن نیوزی لینڈ پھر بھی نہ مانی۔ پاکستان نے اس معاملے پر نیوزی لینڈ حکام سے رابطہ کیا تو انٹر پول ویلنگٹن نے 18ستمبر کو بتایا کہ انہیں ایک ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ دورہ جاری رکھنے کی صورت میں ہوٹل اور طیارے میں بم نصب کردیا جائے گا۔
پاکستانی حکام نے اُس ای میل کی تفصیلات دریافت کیں تو انٹر پول ویلنگٹن نے جو معلومات شیئر کیں، اس کے مطابق یہ ای میل حمزہ آفریدی 7899کے جی میل اکاؤنٹ سے روانہ کی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اکاؤنٹ ای میل کرنے سے 15منٹ پہلے بنایا گیا۔ جسے انڈیا سے آپریٹ کیا گیا، اور وی پی این میں لوکیشن تبدیل کرکے سنگا پور دکھایا گیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس ڈیوائس سے یہ ای میل کی گئی، اس میں 13اور آئی ڈیز ہیں جو ساری کی ساری بھارتی فلموں اور ہندی ناموں پر ہیں۔ صرف ایک آئی ڈی ’حمزہ آفریدی‘ کے نام کی ہے۔ یہ موبائل ڈیوائس اگست2019میں خریدی گئی۔ جس پر 25ستمبر 2019کو سم رجسٹرڈ کی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس بھارتی شہری اوم پرکاش مشرا کے نام پر ہے جو ریاست مہاراشٹر کے ممبئی کا شہری ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بات صاف ہوچکی کہ نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی کے پیچھے کوئی اور نہیں بھارت تھا۔ جس نے فیک نیوز کے ذریعے پروپیگنڈا کرکے اس دورے کو منسوخ کرایا۔پاکستان نے تھریٹ ای میلز کو اب انٹر پول تک پہنچانے کی تیاری کرلی تاکہ وہ اس معاملے کی مزید جانچ پڑتال کرے۔
Discussion about this post