نیپال کی ایک نجی ایئرلائن کا 43 سالہ پرانا طیارہ جو گزشتہ روز 22 افراد کے ساتھ لاپتہ ہو گیا تھا مستنگ کے علاقے کوانگ سے مل گیا۔ نیپالی فوج کے ترجمان نارائن سلوال نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے حوالے سے بتایا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے دی گئی اطلاعات میں طیارے کا ملبہ لامچی جھیل کے کنارے مل گیا ہے، طیارے کے ملبے سے 14 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ 22 میں سے باقی آٹھ افراد کی تلاش جاری ہے۔ طیارے میں سوارتمام افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کچھ لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق نیپال کی تارا ائیر لائنز کے حوالے سے بتایا تھا کہ یہ جہاز اتوار کی صبح دوران پرواز غائب ہوا۔ اس دو انجنوں والے ائیرکرافٹ نے صبح 9 بج کر 55 منٹ پر نیپال کے مغربی قصبے پوکھارا سے اڑان بھری تھی لیکن جلد ہی اس کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں 13 نیپالی شہری، 4 بھارتی، 2 جرمن اور پائلٹ سمیت 3 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا۔
Discussion about this post