وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو سیکوریٹی تھریٹ کی اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے وزارت داخلہ کو ہدایات کردی ہیں۔ جس کے تحت سابق وزیراعظم کی سیکوریٹی کو اور فول پروف بنایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ذاتی نگرانے کرنے اور احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔ یہی نہیں وزارت داخلہ کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو بھی خط لکھ دیا ہے۔ جن میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عمران خان کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ عمران خان ملک بھر میں جہاں بھی جائیں، سخت سیکوریٹی کو یقینی بنایا جائے۔
خط کے مطابق عمران خان کی بنی گالا رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے اور دیگر سیکوریٹی اقدامات کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بدھ کو ڈی سی لاہور نے تحریک انصاف کی قیادت کو اس بات سے باخبر کیا تھا کہ لاہور جلسے میں سیکوریٹی تھریٹ ہیں۔ اسی لیے بہتر ہوگا کہ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے عوام سے خطاب کریں۔جس کے جواب میں تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے، عمران خان براہ راست ہی خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف کا بڑا پاور شو آج مینار پاکستان پر ہورہا ہے۔
Discussion about this post