کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے بھارتی سابق کپتان ویرات کوہلی کو ایونٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کو باقاعدہ طور پر دعوت نامہ بھیج رہے ہیں، اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ چاہیں تو کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ کا حصہ بنیں یا پھر بطور مہمان خصوصی میچز میں شرکت کریں۔ عارف ملک نے کہا کہ ہم کے پی ایل کے ذریعے امن کا پیغام دے رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹر بھی لیگ کا حصہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں جانب کشیدگی کم ہو۔ عارف ملک کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، لیگ کا سیزن ٹو یکم اگست سے باقاعدہ شروع ہوگا جبکہ 14 اگست کو اس کا فائنل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کے پی ایل کے شائقین کے لیے ایونٹ کے دوران ایک بڑا سرپرائز بھی ہے جہاں وہ فینٹسی لیگ سے بھی لطف اندوز ہونگے اور مظفر آباد اور سری نگر کی ٹیمیوں کو ورچوئلی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتا دیکھ سکیں گے۔
Discussion about this post