امیتابھ بچن کی بہو اور ابھیشک بچن کی شریک سفر ایشوریا رائے کو بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے طلب کرلیا ہے۔ایشوریا رائے کی یہ طلبی پانامہ پیپرز لیک میں اِن کا نام آنے پر ہوئی اور جس میں اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے ناصرف آف شور کمپنی بنارکھی ہے۔ ای ڈی نے ایشوریا رائے کو اسی معاملے پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایشوریا رائے کے ساتھ ساتھ امیتابھ بچن سے بھی اس معاملے پر تحقیقات کی جاسکتی ہیں۔
پانامہ پیپرز لیک میں جہاں دنیا بھر کے سیاسی رہنما، سربراہان، بزنس مین کے ساتھ ساتھ اداکاروں کے نام بھی سامنے آئے تھے، جنہوں نے کئی ممالک میں آف شور کمپنیز بنا رکھی ہیں۔ صرف بھارت سے ہی لگ بھگ 500شخصیات کے نام منظرعام پر آئے تھے۔ یاد رہے کہ ایشوریا رائے کو اس سے پہلے بھی ای ڈی نے طلب کیا تھا لیکن 2مواقع پر انہوں نے پیشی کے لیے وقت مانگا تھا لیکن اس بار ای ڈی نے ایشوریا رائے کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ آج ہی دفتر آئیں لیکن اداکارہ نے پوچھ گچھ کے لیے مزید ایک اور تاریخ مانگ لی ہے۔بھارتی تحقیقاتی ادارے نے پانامہ پیپرز لیک کے معاملے پر منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002کے تحت منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔
Discussion about this post