پنڈی کی سرزمین پر 24 سال بعد قومی ٹیم اور کینگروز رنگ جمانے کے لیے تیار ہوگئے۔ جمعے کو ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پرجوش ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 ٹیسٹ سیریز ہوچکی ہے، ان میں سے 13 میں کینگروز نے میدان مارا تو 7 میں پاکستان سرخرو ہوا جبکہ پانچ ایسی ٹیسٹ سیریز بھی رہیں جن کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
اپنے ہی میدانوں پر پاکستان نے 8 میں سے 5 میں آسٹریلیا کو زیر کیا تو ایک سیریز میں کینگروز بازی لے گئے، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں کی بات کی جائے تو اب تک 66 ٹیسٹ ہوچکے ہیں، یہاں بھی آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا ہے بھاری جس نے 33 ٹیسٹ جیتے جبکہ پاکستان کے حصے میں 15 کی جیت آئی۔ 18 ٹیسٹ غیر فیصلہ کن ہوئے، جاوید میاں داد 1797 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے جبکہ ایلن بارڈر 1666 رنز کے ساتھ آسٹریلیا کے نمایاں بلے باز ہیں۔
بالنگ کی بات کی جائے تو شین وارن سب سے زیادہ 90 شکار کرچکے ہیں اور پاکستان کی طرف سے یہ اعزاز عمران خان کو 64 وکٹوں کے ساتھ ملا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر پاکستان نے یہ سیریز جیت لی تو وہ آئی سی سی ٹیسٹ چمپین شپ میں آسٹریلیا کی جگہ دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لے گا۔
Discussion about this post