بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی، پاکستان سے میچ سے قبل ہی ایک نئے تنازعے میں گھر گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر انتہا پسند ہیں جو اُن کے خلاف مورچہ بنا کر خوب لفظی گولہ بارود پھینک رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر کوہلی کے خلاف باقاعدہ دو تین ہیش ٹیگ گردش میں ہیں، جن میں ان کے میمز بنا کر اُن کا مذاق اڑایا جارہا ہے وہیں طنز بھی کیا جارہا ہے۔
کوہلی نے ایسا کیا بول دیا؟
ہوا کچھ یوں ہے کہ ٹوئٹر پر کوہلی نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ عوام کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ دنیا بھر میں سبھی نے مشکل رواں سال گزرا۔ خاص طور پر بھارتیوں نے جنہیں کورونا وبا نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔ کوہلی کا کہنا تھا کہ دیوالی کا سیزن آنے والا ہے اور وہ آنے والے ہفتوں میں کچھ ایسے مشورے اور تجاویز دیں گے، جس کی وجہ سے اپنے پیاروں اور خاندان والوں کے ساتھ یہ تہوار اور بامعنی ہوجائے گا۔
Over the next few weeks, I’ll be sharing a series of my personal tips for celebrating a meaningful Diwali with loved ones and family. Stay tuned by following my Pinterest profile ‘viratkohli’ – link in bio 🪔@Pinterest#diwali2021 #AD pic.twitter.com/KKFxyK3UTG
— Virat Kohli (@imVkohli) October 17, 2021
کوہلی کی اس ویڈیو کے اختتام پر پٹاخوں کی جگہ مٹھائیوں کی تصاویر نمایاں کی گئیں۔ جو اس جانب اشارہ کررہی تھیں کہ بھارتی ماحولیاتی آلودگی کو بچانے کے خاطر آتش بازی کے استعمال کو ترک کرکے میٹھی سوغات کا ایک دوسرے سے تبادلہ کریں۔اب اسی پیغام پر انتہا پسند بھارتی، کوہلی سے روٹھ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کوہلی کے خلاف کیا ہورہا ہے؟
کوہلی کے حقیقت پسندانہ ویڈیو پیغام نے تو سمجھیں بھارت بھر میں آگ سی لگا دی ہے، دیوالی سے پہلے ہی انتہا پسند ویرات کوہلی کے خلاف اپنی نفرت کے پٹاخے سوشل میڈیا پر پھوڑ رہے ہیں۔۔ تنقید کی جارہی ہے اور بات ان کی بیٹنگ پرفارمنس تک پہنچ گئی ہے۔ کچھ دل جلوں کا کہنا ہے کہ کوہلی اُنہیں مشورہ دینے کے بجائے اپنی بیٹنگ فارم میں بہتری لائیں بالخصوص ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کچھ کر کے دکھائیں۔کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ کوہلی کی ماحول کو صاف رکھنے کی یہ ’جعلی تشویش‘ ہے۔ ہندو تہواروں پر لیکچر دینا فیشن بن گیا ہے جو اب نہیں چلے گا۔
ایک صارف نے کوہلی کی ہی ایک تصویر شیئر کردی، جس میں وہ دیوالی کے موقع پر آتش بازی کررہے ہیں۔ایک صارف کے مطابق وہ کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کی تجویز دے سکتے ہیں۔کسی نے کوہلی کو یہ بھی کہا کہ اگلے چند ہفتوں تک وہ دھونی سے آئی سی سی ٹرافی جیتنے کے طریقے سیکھیں اور دیوالی منانے کی اپنی تجاویز اپنے پاس ہی رکھیں۔
ایک صارف نے طنزیہ لہجے میں کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہم جانتے ہیں تہوار کیسے منائیں۔ٹرافیاں جیتنے کے لیے گُر استعمال کریں، جو آپ کے لیے ممکن ہی نہیں۔ ایک کے مطابق سب کپتان ورلڈ کپ جیتنے کی تیاری کررہے ہیں اور ایک ہمارا کپتان الگ ہی چکر میں ہے۔
بہرحال چند ایسے صارفین بھی ہیں جو کوہلی کی بات سے متفق بھی ہیں۔ ایک صارف کے مطابق کوہلی کو ماحولیاتی آلودگی کی فکر ہے۔ نجانے کیوں بھارت میں لوگ اتنے انا پرست کیوں ہیں۔ویسے کچھ ایسا ہی وبال عامر خان کے ایک اشتہار پر بھی کھڑا ہوچکا ہے۔
عامر خان کا اشتہار اور بھارتی انتہا پسندوں نے ساری بھڑاس نمازیوں پر کیوں نکالی؟
بشکریہ ٹوئٹر
کیا کوہلی نے واقعی غلط کہا ہے؟
ماحولیاتی فضائی آلودگی کو پاک کرنے کے لیے کوہلی کا پیغام بامقصد ہے۔ کیونکہ اس حوالے سے بین االاقوامی ماحولیاتی اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیں تو دنیا کے 30 فضائی آلودگی کا شکار شہروں میں 22کا تعلق بھارت سے ہے۔ گرین پیس ساؤتھ ایسٹ ایشیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہر سال 10لاکھ افراد فضائی آلودگی کی زد میں آکر مختلف بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، جس کے بعد اِن کی زندگی کا چراغ گل ہوجاتا ہے۔ 2019میں ملک بھر میں ہونے والی اموات میں سے 18فی صد ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ہوئیں۔جس پر عالمی ادارہ صحت بھی اپنی تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔
Discussion about this post