اگرآپ کارٹون کریکٹر ونی دا پو کے گھر میں رہنے کی کوئی آرزو رکھتے ہیں تو سمجھ لیں کہ اسے پورا کرنے کا وقت آگیا۔ نٹ کھٹ شرارتی ننھا منا سا بھالو ’ونی دا پو‘ بچوں اور بڑوں کا پسندیدہ ہے، جس پر کارٹون سیریز ہی نہیں کئی فلمیں بھی بن چکی ہیں جبکہ اس کے ننھے منے کھلونے اور دیگر اسٹف تو بچوں کی جان ہے۔ رواں سال ’ونی دا پو‘ پورے 95برس کا ہونے جارہا ہے، مجال ہے کہ اس کی شرارتوں پر اس ڈھلتی عمر نے کوئی اثر ڈالا ہو۔ عام طور پر فلموں میں اسے ایک بڑے سے درخت کے تنے میں لکڑی کے پیارے سے گھر میں رہتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ اب یہی گھر حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔
لندن سے کم و بیش 90 منٹ کی مسافت پر مشرقی سسیکس میں آش ڈاؤن کے جنگلات ہیں۔ جہاں اس افسانوی کردار کا گھر حقیقی انداز میں بنادیا گیا ہے۔ اس گھر میں صرف ایک کمرہ ہے، جو ’ونی دا پو‘ کے کمرے جیسی سجاوٹ رکھتا ہے۔ ننھی منی کتابوں کی الماری اور بیٹھنے کے لیے کرسی اور صوفے بھی ہیں۔
ایک ڈبل بیڈ جبکہ اس کے اوپر دو اور بیڈز لگائے گئے ہیں، دیواروں پر مخصوص وال پیپر ہے جبکہ گھر سے باہر نکلتے ہی ایک میز ہرے بھرے گھنے درختوں کے درمیان مہمانوں کا استقبال بھی کرے گی۔ اب ’ونی دا پو‘ کے اس گھر میں ایک رات رہنے کا کرایہ 130ڈالرز ہے، چار افراد کے اس گھر کو 24ستمبر کو ’ونی داپو‘کے دیوانوں کے لیے کھولا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں پیر سے باقاعدہ بکنگ کا آغاز ہورہا ہے۔ اب اس سارے گھر کی ڈیزائنگ کے لیے ’ڈزنی فلمز‘ کے مصور کم ریمنڈ نے بنایا ہے، جو گزشتہ 30برس سے ’ونی دا پو‘ کے کارٹون تخلیق کررہے ہیں۔
Discussion about this post