شہرقائد میں موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی اور چوری کی وارداتوں نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، کراچی پولیس بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی وجوہات تلاش کررہی ہے اسی ضمن میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک اسٹریٹ کرائمز میں ملوث درجن بھر سے زائد ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق مدینہ کالونی میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کا جرم چیھنی گئی موٹر سائیکلوں کو ٹھکانے لگانا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم حفیظ اپنے ساتھی جمیل کے ساتھ مل کر کراچی سے چوری شدہ موٹرسائیکل صرف 2 ہزار روپے میں بلوچستان منتقل کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم حفیظ کوسٹر سے بلوچستان آتا تھا، کراچی آنے کے بعد اس کا ساتھی جمیل موٹرسائیکل لفٹنگ کرنے ساتھ لے جاتا تھا، جہاں اسے ایک موٹرسائیکل منتقل کرنے کے 2 ہزار ملتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم جمیل موقع سے فرار ہوگیا ہے تاہم اس کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ دوران تفتیش ملزم حفیظ کا پہلے بھی گرفتار ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شاطر اور چالاک ملزم نے پولیس کی گرفت سے بچنے کے لیے اپنے شناختی کارڈ کی الیکٹرونک چپ بھی نکال رکھی تھی تاہم ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، اندیشہ ہے کہ اس جرم کے پیچھے باقاعدہ ایک ریکٹ بھی ہوسکتا ہے۔
Discussion about this post