کراچی کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ تپتی دھوپ اور حبس کے بعد رم جھم برسات نے جیسے ہر چہرے کو کھلا دیا۔ صبح سویرے سے ہی شہر بھر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جو دوپہر تک وقفے وقفے سے برستے رہے۔ مختلف علاقوں میں بارش کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ تیز ہواؤں کے باعث راشد منہاس روڈ پر تین کھمبے زمین سے اکھڑ گئے۔کچھ ایسا ہی واقعہ آئی آئی چندری گر روڈ پر بھی پیش آیا، جہاں بجلی کا ایک کھمبا گاڑی پر جا گرا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن کی شکل میں مشرق بحیرہ عرب میں ہے۔ کراچی سے یہ ڈپریشن لگ بھگ 340کلو میٹر دور مشرق اور جنوب مشرق میں موجود ہے۔ یہ ڈپریشن کل صبح 5 بجے سسٹم سائیکلون کی صورت میں بدل سکتا ہے۔ جس کے نتیجے میں 70سے 80کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور کراچی بھر میں 100سے 160ملی میٹر بارش برس سکتی ہے۔
Discussion about this post