بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلیکٹرز اور بورڈ نے کوہلی کے سامنے یہ پیش کش رکھی تھی کہ وہ از خود کپتانی سے الگ ہونے کا اعلان کردیں بصورت دیگر وہ انہیں اس عہدے سے ہٹا دیں گے۔ جس پر کوہلی نے یہ شرط ماننے سے انکار کردیا۔ جس کے نتیجے میں ویرات کوہلی کو کپتانی سے الگ کرنے کی خبر انڈین کرکٹ بورڈ نے بذریعہ ٹوئٹ دی اور ان کی جگہ روہیت شرما کو ون ڈے کی کپتانی سے نوازا۔ روہیت شرما پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں قیادت کررہے ہیں اور اب وہ جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھارتی ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کوہلی نے بطور کپتان 95میچوں میں سے 65مقابلے جیتے ہیں لیکن بدقسمتی یہ رہی کہ وہ اب تک کوئی بھی آئی سی سی ایونٹ ٹرافی کے فائنل میں فاتح نہیں رہے اور اسی بات پر اُنہیں تنقید کانشانہ بنایا جاتا ہے۔
کوہلی جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچوں کی کپتانی سے دست برداری کا اعلان کرچکے ہیں۔ اب اُن کے پاس صرف ٹیسٹ میچوں کی قیادت باقی رہ گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق روہیت شرما گروپ اور کوہلی سے ناراض سلیکٹرز اور کھلاڑی اس جستجو میں ہیں کہ اُنہیں اس اعزاز سے بھی محروم کردیا جائے۔کیونکہ ٹیم میں ایک گروپ کسی صورت کوہلی کی قیادت میں کھیلنے کو تیار نہیں۔ بھارتی ٹیم میں اختلافات اور سیاست عروج پر نظر آرہی ہے، جس نے کوہلی جیسے ذہین کپتان اور بلے باز تک کو نہیں چھوڑا۔
Discussion about this post