کنگ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو ہفتے اور اتوار کی رات اینٹی نارکوٹکس بیورو نے 8اور نوجوانوں کے ساتھ کروز پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔ این سی بی کا کہنا تھا کہ بحری جہاز میں ہونے والی ڈانس پارٹی میں منشیات کا استعمال دھڑلے سے ہورہا تھا۔ آریان کو ممبئی کی مقامی عدالت میں بھی پیش کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آریان نے منشیات کے استعمال کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ عدالت نے آریان سمیت دیگر ملزمان کو 7اکتوبر تک این سی بی کی ریمانڈ میں دے دیا ہے۔
آریان کا مستقبل کیا ہوگا؟
شاہ رخ خان کے 24برس کے بیٹے آریان کی گرفتاری نے گوری اور خود شاہ رخ خان کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ بالخصوص ایسے میں جب بالی وڈ میں یہ خبریں گردش میں تھیں کہ آریان خان کو بہت جلد کسی فلم میں لاؤنج کیا جانے والا ہے۔ شاہ رخ خان کے قریبی دوست کرن جوہر جو نوجوانوں کو فلموں میں زیادہ سے زیادہ مواقع دیتے ہیں۔وہ ان دنوں اس بات کی منصوبہ بندی کررہے تھے کہ کب اور کیسے آریان خان کو فلم نگری میں متعارف کرایا جائے۔ خود شاہ رخ خان کی بھی کوشش تھی کہ خوبرو اور پرکشش آریان کو بالی وڈ کا حصہ بنایا جائے کیونکہ حالیہ برسوں میں اُن کی فلموں نے خاطر خواہ کاروبار نہیں کیا تھا اور وہ خود اب اداکاری سے زیادہ فلموں یا ویب سیریز میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی دکھا رہے تھے۔ دوسری جانب آریان کا ارادہ تو یہ تھا کہ وہ اداکاری کے بجائے ڈائریکشن میں قدم جمائیں۔
اس مقصد کے لیے وہ کرن جوہر اور فرح خان کی نگرانی میں باقاعدہ ڈائریکشن کے گُر بھی سیکھ رہے تھے جبکہ انہوں نے 2020میں کیلی فورنیا کے فائن آرٹ، سنیماٹک آرٹ اور ٹیلی ویژن پروڈکشن اسکول سے بیچلر کی ڈگری بھی حاصل کی۔ یہی نہیں لندن کی اعلیٰ یونیورسٹی سے وہ ڈگری یافتہ بھی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس یہی بتاتی تھیں کہ گوری خان اور شاہ رخ خان ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پارہے تھے کہ بیٹے کو بطور ہدایتکار آزمائیں یا ہیرو۔ مگر نظر یہی آرہا ہے کہ کیرئیر کے آغاز سے پہلے ہی وہ ایک ایسے تنازعے میں گھر گئے ہیں کہ جس میں انہیں کم از کم 2سے 3سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ ضمانت ملنے کے بعد بھی ان کے دامن میں منشیات کے استعمال کا جو داغ لگا ہے، اُسے دھونے میں ایک عرصہ لگے گا۔
کیا آریان دوسرے سنجے دت بننے والے ہیں؟
عام طور پر بڑے سپر اسٹارز کے بیٹے ناز و نخروں میں پلے بڑھے ہوتے ہیں۔ احساس برتری کا عنصر اِن کی طبیعت میں نمایاں رہتا ہے۔ والدین کی چکا چوند زندگی کی بنا پر ہر وقت مرکز نگاہ رہتے ہیں۔ جن کی ایک ایک ادا کو کئی کیمروں میں قید کیا جاتا ہے۔ بڑے اسٹارز کی اِن اولادوں کو ابتدا سے ہی شوبزنس کی دنیا میں خصوصی اہمیت دی جاتی ہے، جن کے ذہنوں میں یہ بات نقش ہوتی ہے یا کرائی جاتی ہے کہ وہ بھی کسی نہ کسی دن والدین کی طرح فلم نگری میں قدم رکھیں گے اور والدین کی شہرت اور مقبولیت کے سہارے پلک جھپکتے میں وہ بھی ’سپراسٹار‘ کا درجہ حاصل کرجائیں گے ۔ دیکھا یہی گیا ہے کہ وہ ذرائع ابلاغ کی غیر معمولی توجہ کے باعث خود کو بچپن سے ہی اسٹارز ہی سمجھتے ہیں۔ایسے میں مناسب تربیت نہ ہونے کی بنا پر غلط اور صحیح کی پہچان سے بھی عاری ہوجاتے ہیں۔ ماضی میں سنجے دت جب پہلی ہی فلم ’روکی‘ سے سپر اسٹار بنے تو انہیں وقت سے پہلے ملنے والی اس شہرت نے غلط راہ کا مسافر بنا دیا۔ جبھی وہ ایک عرصے تک منشیات کے زیر اثر رہے۔ یہاں تک کہ اُنہیں مرکز بحالی برائے منشیات تک میں داخل کرادیا گیا۔ جس کی وجہ سے ان کا فلم کیرئیر جو کامیابی سے شروع ہوا تھا، یکدم زوال کا شکار ہوگیا، بہرحال یہ سنجے دت ہی تھے، جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں خود کو پھر سے دوبارہ فلم نگری کے لیے کارآمد بنایا۔
جہاں تک بات آریان کی ہے تو شاہ رخ خان اور گوری کے بیٹے ہونے کی وجہ سے وہی نہیں اُن کی بہن سُہانا خان بھی کسی نہ کسی حوالے سے ذرائع ابلاغ کی زینت بنتی رہتی ہیں۔آریان کے لیے سب سے بڑا بحران یہ ہے کہ منشیات اسکینڈل کے اثرات اُن کے فلم کیرئیر کی سب سے بڑی رکاوٹ بنیں گے۔ ایسے میں آریان کو فلم نگری میں قدم جمانے میں ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔کیونکہ پرستار اپنے ہیروز کو ہر خامی اور ہر برائی سے عاری دیکھنا چاہتے ہیں اور مان لیا جائے کہ آریان نے بطور ہدایتکار فلم نگری میں قدم رکھا تو پروڈیوسر ز اُن کی لاابالی اور منفی سرگرمیوں کی وجہ سے ان کی فلموں پر سرمایہ لگانے سے کترا بھی سکتے ہیں۔
بالی وڈ ستارے اور منشیات
یہ کوئی نئی بات نہیں، ماضی اور حالیہ دنوں میں یہ سوال بڑی شدت کے ساتھ موضوع بحث رہا کہ بالی وڈ ستاروں کی بڑی تعداد منشیات کی علت میں مبتلا ہے اور یہ تنازعہ اُس وقت اور عروج پر پہنچا، جب نوجوان فلم اسٹار سوشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی۔ جس کی تحقیقات ہوئیں تو یہ بات بھی سامنے آئی کہ بالی وڈ ستارے کثرت کے ساتھ منشیات کے استعمال میں ملوث ہیں۔ ان میں کئی ٹاپ کلاس اداکار وں سے پوچھ گچھ بھی ہوئیں۔ اِن میں سرفہرست دپیکا پدوکون شامل تھیں جبکہ پروڈیوسراور ہدایتکار کرن جوہر بھی تحقیقات کے کٹہرے میں آئے۔
فردین خان ہوں، ارمان کوہلی، بھارتی شاہ، ارجن رام پال یا پرتھک ببر ان سب پر منشیات کے استعمال کا الزام لگتا رہا ہے۔ جنہیں نیشنل نارکوٹکس بیورو تحقیقات کے لیے دفاتر میں طلب کرتا رہا ہے۔
آریان سے متعلق مزید جاننے کے لیے کلک کریں :
Discussion about this post