ایک بار پھر ماڈل اور فنکارہ نوشین شاہ اور یاسر حسین میں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔قصہ 2سال پرانا ہے جو ایک بار پھر گردش میں آگیا ہے۔اس بار اسے تازہ کیا ہے خود ماڈل اور فنکارہ نوشین شاہ نے، جنہوں نے ویب چینل کے میزبان کو انٹرویو دیتے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ واقعی اُنہیں دوسروں کی شادی پر بن بلائے مہمان بن کر اُسے خراب کرنے کا شوق ہے۔نوشین شاہ نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ اقرا عزیز کے شوہر کا نام لیے بغیر طنز کرتے ہوئے کہا جو انہوں نے اُن کے متعلق کہا وہ اُن کے ظرف کا پتا دیتا ہے کہ وہ کس قدر اعلیٰ پائے کا ہے۔
لگ بھگ ایک ہفتے پرانے اس انٹرویو پر یاسر حسین آگ بگولہ ہوگئے۔ جنہوں نے سوشل میڈیا پر نوشین شاہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا کہ ’ 2019میں میری شادی ہوئی اور اب 2021چل رہا ہے۔ اس وقت بھی اس عورت نے خود کو زبردستی انوائٹ کروایا۔ شادی پر سب مہمانوں کو تنگ کیا۔ میری فیملی کو پریشان کیا۔ آج 2سال بعد بھی یہ اسی چیز کوکیش کررہی ہے۔ بہن چاہتی کیا ہو؟۔‘ یاسر حسین نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ ایک اور سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ ’پلیز مس شاہ گیٹ آ لائف۔۔
ورنہ اس بار میں ثبوت ہی لے کر آؤں گا سوشل میڈیا پر کہ کیسے آپ میری جان کا بخار بن گئی تھیں دعوت نامے کے پیچھے۔مہندی کے دن بھی آپ مجھے میری ہی مہندی کی تصویریں بھیج رہی تھیں۔ آخر ان سب کا اب مقصد کیا ہے؟۔‘
آخر یہ تنازعہ کہاں سے شروع ہوا؟
نجی ٹی وی چینل پر بطور مہمان بن کرآنے والے یاسر حسین نے21فروری 2021کو نشر ہونے والے میزبان واسع چوہدری کے ایک سوال پر یہ الزام لگایا کہ اُن کی شادی پر کئی فنکار بن بلائے مہمان بن کر آئے۔ واسع چوہدری نے جب اُن کے نام بتانے کاا صرار کیا تو یاسر حسین برجستہ طور پر صرف ایک نام ہی لے سکے۔ اور وہ نوشین شاہ کا تھا۔
نوشین شاہ کا جوابی وار
نوشین شاہ نے یاسر شاہ کے اس الزام کی سختی کے ساتھ تردید کی اورانہوں نے صرف یہ لکھ ڈالا کہ احمق کو اس کی باتوں سے اور دانشور کو اس کی خاموشی سے شناخت کیا جاتا ہے۔
یاسر حسین کا فرمائشی سوال کیا تھا؟
نجی ٹی وی چینل جہاں سے یہ یاسر حسین کا شو نشر ہوا تھا۔ اُس کے پروڈیوسر ندیم بیگ نے مارننگ شو میں ندا یاسر کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ بن بلائے مہمان والا سوال یاسر حسین نے جان بوجھ کرپروگرام ٹیم سے کہا تھا کہ واسع چوہدری اُن سے دریافت کریں۔
سوشل میڈیا تقسیم
صارفین کی ایک بڑی تعداد جہاں نوشین شاہ کی حمایتی ہے، وہیں دوسری جانب یاسر حسین کے بھی چاہنے والے ہیں لیکن یاسر حسین کے خلاف زیادہ ہیں۔ جن کا ماننا ہے کہ وہ بہتان تراشی کررہے ہیں اور ماسوائے اقرا عزیز کے شوہر ہونے کے اُن کے پاس کوئی اضافی قابلیت نہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ اقرا عزیز کو پروپوز کرنے سے اب تک یاسر حسین کے بیانات اور حرکات سمجھ سے بالاتر ہوتی ہیں۔
Discussion about this post